Announcement:

We will guide you as how you can earn online. Earn money for free , Domain Parking , Captcha Jobs , Ad Network..More..

تعارف

میں ایک لکھاری ہوں۔ آپ میرے قاری ہیں۔ بعید نہیں کہ آپ قاری ہونے کے ساتھ ساتھ لکھاری بھی ہوں۔ جس طرح لکھاری اور قاری کے درمیان ایک مضبوط رشتہ ہوتا ہے، اسی طرح انٹرنیٹ کی جامع مگر سکڑی ہوئی دنیا میں ہم تمام لکھاریوں کا بھی آپس میں ایک قریبی تعلق بہرحال قائم ہوتا ہے، چاہے مجھے اور آپ کو محسوس ہو یا نہیں، چاہے میں اور آپ چاہیں یا نہیں۔
ذرا ٹھہریں، انٹرنیٹ کی دنیا سے ہٹ کر اپنے اردگرد کی دنیا کا جائزہ لیں۔ آپ کے آس پاس لوگوں میں سے بہت سے ایسے ہوں گے جو آپ سے مماثلت رکھتے ہوں گے، کچھ بہت زیادہ اور کچھ بے حد معمولی سی۔ کچھ لوگ ایسے ہوں گے جو آپ کی شخصیت کے بالکل برعکس ہوں گے۔ اور کیوں نہ ہوں کہ ہر ایک کی شخصیت، ہر ایک کا خاندان، ہر ایک کا گھریلو ماحول، ہر ایک کا پس منظر، سبھی کچھ مختلف ہے۔ تو کیا آپ اپنے مخالفوں کو جینے کا بھی حق نہیں دیتے؟ کیا اُن کی جائز بات بھی نہیں سنتے؟ کیا ہر وقت اُن سے جھگڑتے رہتے ہیں؟
اچھا، یہ تو ابھی کی بات ہے جب آپ گھر سے باہر کی دنیا میں قدم رکھ چکے ہیں اور جہاں مختلف پس منظر کے حامل لوگوں سے آپ کا سامنا ہوتا ہے۔ ذرا ماضی کے جھروکوں میں جھانکیں جب آپ کی زندگی کا دائرہ صرف گھر اور خاندان والوں کے گرد گھومتا تھا۔ مشترکہ روایات، مشترکہ پس منظر، مشترکہ ماحول، لیکن کیا اس کے باوجود کہیں آپ کا اپنے خاندان یا اپنے ہی گھر میں کسی بات پر اختلاف نہیں ہوا؟ کسی نکتے پر عدم اتفاق نہیں پایا گیا؟ تو کیا آپ نے قطع تعلق کرلیا؟ ناطے توڑ لیے؟ یقیناً نہیں۔
ہم جس ماحول میں بھی رہیں، جیسے حالات میں بھی گزر بسر کریں، بحیثیت انسان ہم میں یہ صلاحیت پائی جاتی ہے کہ ہم دوسرے لوگوں کو سمجھ سکتے ہیں، بدلتے ماحول میں خود کو ڈھال سکتے ہیں، مختلف الخیال لوگوں کے درمیان ہم آہنگی کی فضا قائم کرسکتے ہیں۔ اور جس طرح یہ اصول آپ کی حقیقی زندگی پر منطبق ہوتا ہے، اسی طرح انٹرنیٹ کی دنیا میں بھی اس کی اتنی ہی اہمیت اور ضرورت ہے۔

0 comments:

Post a Comment

Copyright @ 2014 میری بیاض. Designed by Dr Majid Aslam | Like Us FB